ای سی بی کی نئی پالیسی کے تحت کھلاڑیوں پر میچ کے بعد بھی شراب نوشی، عوامی مقامات پر نشے کی حالت میں آنے اور سوشل میڈیا پر الکوحل سے متعلق مواد شیئر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے الکوحل سے متعلق نئے پروٹوکول جاری کر دیے ہیں، جن کا مقصد پیشہ ورانہ نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانا ہے۔نئے پروٹوکول کے مطابق کھلاڑیوں پر میچ کے بعد اگلے روز بھی شراب پینے پر پابندی ہوگی، جبکہ مڈنائٹ کرفیو بدستور برقرار رہے گا۔ اگر کوئی کھلاڑی رات 10 بجے کے بعد ہوٹل سے باہر رہنا چاہے تو اسے پہلے ٹیم مینجمنٹ یا سیکیورٹی حکام کو آگاہ کرنا ہوگا۔

پالیسی کے تحت کھلاڑی عوامی مقامات پر نشے کی حالت میں نظر نہیں آئیں گے، جبکہ سوشل میڈیا پر الکوحل سے متعلق تصاویر، ویڈیوز یا کسی بھی قسم کی سرگرمی شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کھلاڑی یا ٹیم ہوٹل کے عوامی حصوں میں بھی الکوحل استعمال نہیں کر سکیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر نئے پروٹوکول پر دستخط کر چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ پالیسی حالیہ واقعات کے بعد ٹیم کے نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔