ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو گرفتار کر کے پیش کیوں نہ کیا گیا؟ ایف آئی اے ڈائریکٹر طلب
متنازع ٹویٹس کیس: عدالت کا پولیس اور ایف آئی اے کے رویے پر سخت اظہارِ برہمی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں متنازع ٹویٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش نہ کیے جانے کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔

کیس کی سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ سماعت کے دوران جج افضل مجوکہ نے استفسار کیا کہ ملزمان کہاں ہیں اور انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا۔

عدالت نے پولیس کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا۔ صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ جج افضل مجوکہ نے واضح ہدایت جاری کی کہ ڈی آئی جی اور ایف آئی اے ڈائریکٹر صبح 10 بجے عدالت میں پیش ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔
