بسنت کے لیے مختص چھتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈز لینے کا حکم
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرصدارت اجلاس، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ نمائش پر زیرو ٹالرنس



لاہور میں بسنت کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس حکام نے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرصدارت بسنت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسنت کے لیے مختص چھتوں کے مالکان سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے شورٹی بانڈز لیے جائیں گے۔ سی سی پی او لاہور نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سے کوئی بھی موٹر سائیکل بغیر سیفٹی راڈ کے سڑک پر نہیں آنی چاہیے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے بسنت کے دوران کڑی نگرانی کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر رعایت نہیں دی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور بسنت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔