جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگوں کا فیصلہ کرے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر



ملٹی ڈومین وارفیئر، ڈرونز اور جدید کمانڈ سسٹمز پر پاک فوج کی بھرپور تیاری

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے اور جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگی حکمت عملی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج جدت، مقامی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں تاکہ آنے والے سیکیورٹی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی جس میں ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ مشق “اسٹیڈ فاسٹ ریزولو” کا بھی مشاہدہ کیا جہاں ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور معاون جنگی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس سے قبل بہاولپور گیریژن پہنچنے پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔