ہمیں حقِ حکمرانی میں حصہ اور تمام زبانوں کا احترام چاہیے: محمود خان اچکزئی

قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمیں حقِ حکمرانی میں حصہ اور تمام زبانوں کا احترام چاہیے، آئین ایک وعدہ ہے اور اگر اس وعدے کو توڑا گیا تو رشتے خراب ہوں گے۔ جامشورو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی غیر انسانی اقدام ہے اور ملک میں جمہوری روایات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں روایت ہے کہ آنے والے حکمران کو ہار پہنائے جاتے ہیں اور جانے والے کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ چھوٹے صوبوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور وسائل پر پہلا حق مقامی بچوں کا ہونا چاہیے۔ انسان روٹی سے پہلے حقِ حکمرانی مانگتا ہے اور ہر ادارے میں آبادی کے تناسب سے نمائندگی دی جانی چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ بنائے اور خطے کی صورتحال پر گول میز کانفرنس بلائی جائے تاکہ قومی مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔
