اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی نہ ہونے کو ڈھکوسلا قرار دے دیا

سانحہ گل پلازہ ہمارے نظام کی ناکامی کی علامت ہے، لوکل گورنمنٹ کے بغیر عوام کو مضبوط نہیں بنایا جا سکتا: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی نہ ہونے پر 18ویں آئینی ترمیم کو محض ایک ڈھکوسلا قرار دے دیا۔

انہوں نے سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات صوبائی حکومتوں کو منتقل کر دیے گئے تھے جبکہ اتفاق رائے یہ تھا کہ لوکل گورنمنٹ کو بھی بااختیار بنایا جائے گا، جو آج تک ممکن نہ ہو سکا۔

خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ آمریت کے ادوار میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کروائے گئے، مگر جمہوری حکومتیں اس عمل میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کبھی لوکل گورنمنٹ الیکشن کا شیڈول آیا بھی تو مختلف بہانوں سے اسے موخر کیا گیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ چین میں قیادت لوکل گورنمنٹ کے نظام سے ابھر کر سامنے آتی ہے اور یہی نظام مضبوط لیڈرشپ پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی جیسے واقعات ہمارے تباہ حال نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے استحکام کے لیے لوکل گورنمنٹ کو تحصیل اور وارڈ کی سطح تک اختیارات دینا ہوں گے، ورنہ صورتحال یہی رہی تو آخر میں وزارت دفاع کی فائر بریگیڈ ہی آگ بجھانے آئے گی۔ انہوں نے یکساں نظام تعلیم کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ایک مضبوط قوم تشکیل دی جا سکے۔