محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور مقامی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق حالیہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ممکنہ طور پر اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں شدید طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ کو حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، ہنگامی اقدامات اور بروقت امدادی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر، دریا کناروں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں۔
متعلقہ اداروں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کریں۔