دنیاپور میں گیس سلنڈر دھماکہ، دکاندار جاں بحق، 4 افراد زخمی

سردی سے بچاؤ کے لیے جلائی گئی آگ جان لیوا ثابت ہوئی، علاقے میں خوف و ہراس

دنیاپور کے ریلوے روڈ پر واقع گنجان آباد علاقے میں گیس ری فلنگ کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ہولناک دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دکاندار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب دکان میں موجود افراد سردی سے بچنے کے لیے آگ تاپ رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی دکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے کے باعث قریبی دکانوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔