گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسلام آباد یا پشاور بند کرنے سے بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم نہیں ہوگی۔ اڈیالہ جیل کے قیدی اپنی سزا بھگت کر ہی رِہا ہوں گے۔دیگر قیدیوں کیساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کو کہیں اور شفٹ کردیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں وی وی آئی پی قیدی ہیں، نہیں چاہتا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو ان کی خواہش تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے اڈیالہ کے دیگر قیدیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے کہیں اور شفٹ کردیں۔

ہم چاہتے ہیں کسی کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی بات اچھی ہے۔ آج پی ٹی آئی امپورٹڈ اپوزیشن لانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی والے بتائیں مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے بارے میں وہ کیا کہتے تھے۔ خیبر پختونخوا میں گورننس کے مسائل موجود ہیں، وزیراعلیٰ کو اڈیالہ کے باہر بیٹھنے کے بجائے اپنے صوبے میں بیٹھنا چاہیے۔