:گوجرانوالہ کے علاقے اسحاق کوٹ، گلہ بسم اللہ سی این جی کے قریب کئی روز سے کوڑے کے ڈھیر لگنے کے باعث علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ گندگی اور تعفن کے باعث پورے علاقے میں بدبو پھیل گئی ہے جس سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ عملے اور صفائی کے ذمہ دار اداروں کو آگاہ کیا گیا، تاہم اس کے باوجود صفائی عملہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے موقع پر نہیں پہنچا۔ کوڑے کے ڈھیروں کی وجہ سے نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں کو صاف رکھنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت صفائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے اور عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کوڑا کرکٹ اٹھا کر علاقے میں صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بدبو، گندگی اور ممکنہ بیماریوں کے خطرات سے نجات دلائی جا سکے۔