سندھ کے صحت کے نظام میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، بلاول بھٹو کا اعلان

انڈس اسپتال، ایس آئی یو ٹی اور این آئی سی وی ڈی کے نیٹ ورک نے سندھ کو صحت کے شعبے میں نمایاں مقام دلا دیا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اب صحت کے شعبے میں دیگر صوبوں سے نہیں بلکہ دنیا سے مقابلہ کر رہی ہے۔
کراچی میں انڈس اسپتال کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں ایسا مربوط نیٹ ورک قائم کر دیا ہے جو عالمی معیار سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں ایک ایسا جال بچھایا ہے جس کے ذریعے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک علاج کی سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔ بلاول بھٹو کے مطابق قمبر شہداد کوٹ جیسے پسماندہ اضلاع اور حتیٰ کہ بلوچستان کے قریبی علاقوں کے مریض بھی ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گمبٹ میں بھی جدید اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس پر وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ “روٹی، کپڑا اور مکان صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارا منشور، نظریہ اور سوچ ہے”، اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ غریب ترین طبقے کا خیال رکھے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہے، جس کے تحت ایس آئی یو ٹی، انڈس اسپتال اور این آئی سی وی ڈی مل کر کام کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کا نیٹ ورک ملک میں مفت علاج فراہم کرنے کا سب سے بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے، جبکہ ایسی سہولیات لاہور جیسے بڑے شہر میں بھی مکمل طور پر دستیاب نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ڈسٹرکٹ لیول پر بھی ان اسپتالوں کی شاخیں قائم ہونی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں۔
تقریب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب بیماروں، مجبوروں اور کمزوروں کی مدد کا درس دیتے ہیں۔