17 اگست سے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن سے حاضری کا نظام شروع
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور عملے کی حاضری کے لیے فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز) کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز 17 اگست سے صوبے کے چھ اضلاع میں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ حکام نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق یہ نظام آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے کام کرے گا، جس کے باعث کمزور یا محدود انٹرنیٹ والے علاقوں میں بھی اساتذہ کی حاضری مؤثر انداز میں مانیٹر کی جا سکے گی۔ منتخب اسکولوں کی جیو ٹیگنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ آمد و روانگی کا ریکارڈ خودکار طریقے سے محفوظ ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ فریمز صرف حاضری کا نظام نہیں بلکہ تعلیمی شعبے میں شفافیت، احتساب، مؤثر نگرانی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کی ایک اہم اصلاح ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں اسکولوں کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی جائے اور کامیاب نفاذ کے بعد اسے مرحلہ وار سندھ بھر میں توسیع دی جائے۔
وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم کے نفاذ کے لیے تمام تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا۔
پاکستان اردو پوائنٹ عوام تک بروقت، مستند اور ذمہ دارانہ خبریں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔