راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کے سکیورٹی تناظر اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کا وفد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ پر مشتمل تھا۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں میں تعلیم، ہنر کی ترقی اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی عالمی ماحول میں نوجوانوں کا بامعنی کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتیں استعمال کرنے اور سوشل میڈیا و پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے معلومات کا تنقیدی جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرمجوشی کو سراہا۔ وفد نے پاکستان میں موجود مختلف امکانات اور مواقع میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔