میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا سہیل آفریدی کے لیے شاندار اور باوقار استقبال کا اعلان

حسن علی ہوتی مارکیٹ میں برگر، روایتی اجرک اور مکمل عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر انہیں وزیراعلیٰ سندھ کے برابر مکمل پروٹوکول دیا جائے گا اور عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو شہر کی تاریخی حسن علی ہوتی مارکیٹ لے جایا جائے گا جہاں انہیں برگر کھلائے جائیں گے اور کراچی کی ثقافتی پہچان روایتی سندھی اجرک پہنائی جائے گی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو کراچی میں خوش آمدید کہنا ہمارے لیے اعزاز ہے اور وزیراعلیٰ سطح کا پروٹوکول دینا ان کے احترام کا اظہار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حسن علی ہوتی مارکیٹ 100 سال مکمل کرچکی ہے، ماضی میں اس تاریخی ورثے کو نظرانداز کیا گیا تاہم اب بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات اور وزیراعلیٰ سندھ کی حمایت سے کراچی کے تاریخی مقامات بحال کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت کے ذریعے کراچی کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، مگر اب شہر کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں، ڈینسو مارکیٹ، فریئر ہال، ایمپریس مارکیٹ اور لی مارکیٹ کی بحالی مکمل ہوچکی ہے، جبکہ اس سال کراچی کی ترقی کے لیے 46 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔