رچمنڈ میں واقع 10 بیڈ رومز پر مشتمل تاریخی رہائش گاہ 25 ملین پاؤنڈز میں فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کر دی گئی۔

برطانیہ کے علاقے رچمنڈ میں واقع وہ تاریخی گھر، جہاں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان اور ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے ساتھ شادی اور بعد ازاں کئی برسوں تک مقیم رہے، فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
“اورملی لاج” (Ormeley Lodge) نامی یہ تاریخی رہائش گاہ 25 ملین پاؤنڈز (2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز) کی طلب کردہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔

جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں ہیم کامن کے قریب واقع یہ جارجین طرزِ تعمیر کا شاندار گھر تقریباً 15,814 مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 10 بیڈ رومز، 7 باتھ رومز، وسیع باغات اور ایک الگ کاٹیج بھی موجود ہے۔
یہ رہائش گاہ ماضی میں اس وجہ سے بھی توجہ کا مرکز رہی کہ عمران خان نے 2006 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران جیو نیوز کی “پکار” مہم کے لیے اسی گھر سے متعدد ویڈیو پیغامات اور خصوصی پروگرام ریکارڈ کرائے تھے۔