لاہور: فخرِ گوجرانوالہ اور رکنِ پنجاب اسمبلی عمر فاروق ڈار نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر امیدوار برائے میئر گوجرانوالہ شازب ڈار بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران عمر فاروق ڈار نے مریم نواز کی قیادت میں گوجرانوالہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے قائد مسلم لیگ (ن) کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں میٹرو پراجیکٹ، جدید کارڈیالوجی ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور گوالا کالونی جیسے اہم منصوبے ملنے پر شہریوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واسا کے گرینڈ پراجیکٹ کے تحت سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل پر گوجرانوالہ کے شہری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور میاں نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔
ایم پی اے عمر فاروق ڈار نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی جارحانہ پالیسی کے باعث جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔
اس موقع پر سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر غیاث گل کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا اور بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی پی او ڈاکٹر غیاث گل پنجاب حکومت کے ویژن اور وزیراعلیٰ کے احکامات کے مطابق بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران ایم پی اے عمر فاروق ڈار نے گوجرانوالہ شہر کی مجموعی سیاسی صورتحال سے بھی قائد مسلم لیگ (ن) کو آگاہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کے مضبوط گڑھ گوجرانوالہ کو مزید مستحکم اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر عمر فاروق ڈار اور شازب ڈار نے صدر مسلم لیگ (ن) برطانیہ احسن ڈار کی جانب سے میاں نواز شریف کو خصوصی سلام بھی پہنچایا۔