ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل متحرک، بینک اکاؤنٹس اور مالی ریکارڈ طلب

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف کرپشن کیس کے بعد اب آمدن سے زائد اثاثہ جات کی باقاعدہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مختلف سرکاری و نجی اداروں سے نجف حمید کے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نجف حمید کے تمام بینک اکاؤنٹس، جائیدادوں اور دیگر اثاثوں کا مکمل ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ آمدن اور اخراجات کا موازنہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے نجف حمید کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نجف حمید کی اراضی اسکینڈل میں عبوری ضمانت بھی منسوخ ہو چکی ہے، جس کے بعد قانونی شکنجہ مزید سخت ہو گیا ہے۔
