پاکستان کی سفارتی اور دفاعی کامیابیوں کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے: خواجہ آصف

برطانوی جریدے اور امریکی صدر کی تعریف، دوست ممالک سے تعلقات میں بہتری کا اعتراف ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خارجہ محاذ پر کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی جریدے نے سفارتی میدان اور بھارت کے ساتھ جنگی کامیابیوں کا کریڈٹ بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیا ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہ صرف دفاعی محاذ پر اہم کردار ادا کیا بلکہ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں ماضی کی سرد مہری کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کارکردگی اور قیادت کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کثیر جہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیتے ہوئے ان کی سفارتی صلاحیتوں اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔