پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ان جیسا کوئی دوسرا بیٹر نہیں۔ ان کے مطابق ویرات کوہلی کی مستقل مزاجی، دباؤ میں شاندار کارکردگی اور میچ فنش کرنے کی صلاحیت انہیں جدید کرکٹ کے عظیم ترین بیٹرز میں شامل کرتی ہے۔
وسڈن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ وہ متعدد بار اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ موجودہ نسل میں ویرات کوہلی وہ بیٹر ہیں جن کے خلاف بولنگ کرنا سب سے زیادہ مشکل رہا۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی ہمیشہ بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں اور یہی خوبی انہیں دیگر بیٹرز سے ممتاز بناتی ہے۔
محمد عامر نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی اپنے سخت ترین حریفوں میں شامل کیا، تاہم ان کے مطابق موجودہ دور کے کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے نمایاں اور مشکل بیٹر ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے ویرات کوہلی کو ابتدائی اوورز میں آؤٹ کیا تھا، جبکہ کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف متعدد اہم اننگز کھیل کر بھارت کو یادگار کامیابیاں دلائی ہیں۔