پہاڑی علاقوں میں شدید سردی، میدانی علاقوں میں دھند کے امکانات

اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم کی صورتحال، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت ، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کے امکانات ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں کچھ مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ صوبے کے میدانی اضلاع میں دھند کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بالائی اضلاع بشمول سکھر، لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں بھی درمیانی سے شدید دھند چھانے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت دیگر علاقوں میں دھند متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، شمالی اضلاع میں انتہائی سردی ہوگی اور کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 9، ژوب میں منفی 2، سبی میں 6، تربت میں 12، نوکنڈی میں 1، چمن میں منفی 1، گوادر میں 12 اور جیوانی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کمزور افراد، بزرگوں اور بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی ہے۔