گوجرانوالہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، جہاں مقررہ دفتری وقت سے قبل دفتر بند کرنے اور بیشتر عملے کی غیر موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے دیکھا کہ مقررہ وقت ساڑھے 4 بجے ختم ہونے سے قبل ہی، تقریباً 4 بجے دفتر کے دروازے بند تھے اور صفائی کا عمل جاری تھا، جبکہ متعدد اہلکار اپنی ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے۔ شہریوں کو بھی دفتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے استفسار کیا کہ جب دفتر بند ہونے کا وقت ساڑھے 4 بجے ہے تو اس سے قبل ہی شہریوں کو واپس کیوں بھیجا جا رہا ہے؟ انہوں نے متعلقہ عملے سے صورتحال پر جواب طلب کیا، تاہم تسلی بخش جواب نہ ملنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم سرکاری دفاتر مقررہ اوقات سے پہلے بند کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ شہریوں کو بروقت خدمات کی فراہمی ان کا حق ہے اور فرائض میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت سے وابستہ افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں مقررہ اوقات کے مطابق پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں، شہریوں کو بلاوجہ دفاتر کے چکر لگوانا اور سرکاری اوقات کے دوران خدمات کی فراہمی روکنا ناقابلِ قبول ہے۔
گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس میں مقررہ وقت سے پہلے دفتر بند اور بیشتر عملہ غائب ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اچانک دورہ، شدید برہمی کا اظہار، تمام عملے کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا گیا۔