ملک کے سیاسی حالات تشویشناک، تمام جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا: مولا بخش چانڈیو

سیاسی بحران کے خاتمے کے بغیر معاشی بحران حل نہیں ہوسکتا، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات اچھے نہیں ہیں اور جب تک سیاسی بحران ختم نہیں ہوگا، معاشی بحران پر قابو پانا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کوئی جرم نہیں اور موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
بحرانوں میں صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کا کردار بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بحرانوں کا واحد حل یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھ کر سنجیدہ مذاکرات کریں اور قومی مفاد میں فیصلے کریں۔

مخالفین بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری ملکی بحران کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اتفاقِ رائے کے بغیر ملک کو درپیش مسائل حل نہیں کیے جاسکتے اور وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست کو ذاتی مفادات سے بالاتر رکھا جائے۔