محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر دھند بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران کھلے مقامات سے دور رہیں۔ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات سے بھی آگاہ رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
دوسری جانب متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشیں زرعی شعبے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔