موسمی صورتحال کے باعث پشاور سمیت مختلف ایئرپورٹس پر درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار

ابوظہبی اور شارجہ سے آنے والی پروازیں اسلام آباد منتقل، بین الاقوامی و ملکی فلائٹس متاثر

موسم کی خرابی کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 42 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابوظہبی اور شارجہ سے پشاور آنے والی قومی ایئر لائن کی دو پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوحہ سے پشاور آنے والی پروازیں کیو آر 600 اور 601 بارہ گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ ابوظہبی سے غیر ملکی ایئر لائن کی پروازیں ای وائی 276 اور 277 میں سات گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح شارجہ اور دبئی سے آنے والی پروازوں میں بھی ایک سے دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی 18 پروازیں ایک سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ لاہور اور کراچی کی پانچ، پانچ پروازیں، ملتان کی دو جبکہ فیصل آباد کی چار پروازوں میں بھی تاخیر رپورٹ کی گئی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ مسافروں کو تازہ فلائٹ شیڈول سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔