اسرائیلی وزیراعظم کا مؤقف، حماس کے مکمل اور حقیقی غیرمسلح ہونے تک اسرائیلی فوج غزہ سے واپس نہیں جائے گی
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق 15 نکاتی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اس وقت تک غزہ سے دستبردار نہیں ہوگی جب تک حماس کو مکمل طور پر غیرمسلح نہیں کیا جاتا۔
نیتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ اسرائیل منصوبے کی موجودہ شکل قبول نہیں کرتا اور حماس کے صرف علامتی یا محدود غیرمسلح ہونے کے بجائے مکمل اور حقیقی غیرمسلح ہونے کو ضروری سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیلی فوج اور شہریوں کو لاحق خطرات برقرار رہنے تک فوجی انخلا نہیں ہوگا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق امریکی حکام کے ساتھ منصوبے پر بات چیت جاری ہے اور اس کی بعض تجاویز اسرائیل کے لیے قابلِ قبول جبکہ بعض ناقابلِ قبول ہیں۔ دوسری جانب حماس نے منصوبے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام فریقوں کو طے شدہ نکات پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے۔
تازہ صورتحال میں بنیادی اختلاف حماس کے غیرمسلح ہونے اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کی ترتیب پر برقرار ہے۔