اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی، آبی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد، زرعی پیداوار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مثبت زرعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں زرعی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔
سعودی وزیر نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔