پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال بن ثاقب نے وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال بن ثاقب نے وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم وہ پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بدستور ادا کرتے رہیں گے۔

کیبنٹ ڈویژن کے 13 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلال بن ثاقب کا استعفیٰ قبول کرلیاہے، وہ 26 مئی کو وزیرِ مملکت کے مساوی حیثیت کے ساتھ اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔بلال بن ثاقب کو یکم اگست کو پرو بونو بنیاد پر تین سالہ مدت کے لیے PVARA کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ یہ ادارہ ایک خودمختار وفاقی اتھارٹی ہے، جس کی سربراہی اسٹیٹ بینک کے گورنر، ایس ای سی پی کے چیئرمین اور ایف بی آر کے چیئرمین پر مشتمل ملٹی اسٹیک ہولڈر بورڈ کرتا ہے۔

PVARA کا بنیادی مقصد غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام، صارفین کا تحفظ، فِن ٹیک، ترسیلات اور ٹوکنائزڈ اثاثوں میں مواقع پیدا کرنا ہے، جبکہ ریگولیٹری سینڈ باکسز کے ذریعے شریعت کے مطابق ڈیجیٹل فنانس کو فروغ دینا بھی اس کا حصہ ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ Rules of Business 1973 کے مطابق کوئی شخص SAPM نہیں ہو سکتا اگر وہ کسی قانونی ریگولیٹری اتھارٹی، جیسے پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا چیئرمین ہو، بلال بن ثاقب اس اتھارٹی کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں، جس وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔