پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت، پاکستان اور یو اے ای کے مضبوط تعلقات کا خوبصورت اظہار
متحدہ عرب امارات کے 54ویں قومی دن “عید الاتحاد” کی تقریبات پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں، جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستانی و اماراتی پرچموں کی خصوصی نمائش، ثقافتی رنگا رنگ پروگرام اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور بھائی چارے کو سراہا گیا۔

پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے نمائندوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’یو اے ای کا قومی دن پاکستانیوں کے لیے بھی خوشی کا دن ہے کیونکہ دونوں ممالک کے تعلقات محبت، اعتماد اور باہمی تعاون پر قائم ہیں۔‘‘
اس موقع پر بچوں نے خصوصی پرفارمنس پیش کی، اماراتی ثقافت کو اجاگر کرنے والے اسٹالز لگائے گئے اور قومی نغموں نے ماحول کو مزید پُرجوش بنا دیا۔
تقریب میں شریک شرکا نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط تعلقات، کاروباری تعاون اور کمیونٹی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

تقریب کا اختتام پاکستان اور یو اے ای دونوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔