پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے پر پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا۔ اجلاس میں دفاعی معاہدے کے خدوخال، پیش رفت اور باہمی دفاعی تعاون سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری مصروفیات کے سلسلے میں ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ اہم ملاقاتیں اور دیگر مصروفیات انجام دیں گے۔
استنبول آمد پر ترک حکام اور ترکیہ میں پاکستانی سفیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ استنبول پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی سلامتی، امن و خوش حالی سمیت امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی۔