پاک، امریکہ تعلقات نئی بلندیوں پر، ریکوڈک منصوبے میں اربوں ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری کا فیصلہ

امریکی سفارت خانے کے منسٹر کانسلر اینڈی ہیلس کا اعتراف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے مضبوط روابط تعلقات کی بنیاد ، پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات اس وقت اپنی تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالرز کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے منسٹر کانسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔

اینڈی ہیلس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان خوشگوار اور مضبوط روابط پاک، امریکہ تعلقات کی مستحکم بنیاد کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے تعاون سے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک میں کئی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی سفارتکار کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی نجی کمپنیوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے نجی امریکی کمپنیاں خود کرتی ہیں، تاہم امریکی سفارت خانے میں ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی پائی جاتی ہے۔

اینڈی ہیلس نے تعلیم کو پاک، امریکہ تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کو 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلباء امریکہ کی نامور جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی۔