اسلام آباد/قندھار: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغانستان کے شہر قندھار میں واقع قندھار ایئر فیلڈ کے قریب موجود آئل سٹوریج سائٹس کو کارروائی کے دوران تباہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری اقدامات کے تحت کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایئر فیلڈ کے قریب قائم فیول ڈپو کو نشانہ بنایا گیا جہاں بڑی مقدار میں تیل ذخیرہ کیا گیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں آئل سٹوریج سائٹس میں شدید دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث تیل کے ذخائر مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ان مقامات کے خلاف کی گئی جہاں سے مبینہ طور پر دہشت گرد عناصر کو سہولت اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی تھی۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب افغان حکام نے اس واقعے کے حوالے سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ قندھار ایئرپورٹ کے قریب ایک نجی ایئرلائن کے فیول ڈپو پر ہوا، جہاں سے سول طیاروں کو بھی ایندھن فراہم کیا جاتا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ کارروائی پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک کی جانب سے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات سخت کیے جا رہے ہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔