راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مسلح افواج علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔

تقریب میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور ہر قسم کے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی بھرپور حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
جی ایچ کیو میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کے 99ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین افواج علاقائی امن اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔