پسرور: اسکول کے سامنے کھلا مین ہول، بچوں کی جانیں خطرے میں، انتظامیہ خاموش

پسرور (محمد شفیق احمد) نواز شریف پارک کے قریب پسرور کلاس والا روڈ پر واقع کڈز کلب گرامر اسکول کے عین سامنے کھلا مین ہول بچوں کیلئے موت کا کنواں بن گیا۔ روزانہ درجنوں معصوم طلبہ اسی راستے سے گزرتے ہیں، مگر خطرناک گڑھا کسی بھی وقت بڑے حادثے کو جنم دے سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کئی بار شکایات کے باوجود متعلقہ حکام نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور جیسے سانحات سے بھی انتظامیہ نے سبق نہیں سیکھا۔
والدین اور شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں موجود تمام کھلے مین ہولز کو ہنگامی بنیادوں پر بند کیا جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ بھی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی، مستقل حل تک کم از کم عارضی حفاظتی بندوبست کیا جانا چاہیے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔