گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ، قیمتوں میں استحکام کے لیے نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش
پنجاب اس سال 12 ملین میٹرک ٹن آلو کی ریکارڈ پیداوار کے لیے تیار، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اس سال 12 ملین میٹرک ٹن آلو کی ریکارڈ پیداوار کے لیے تیار ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے۔ اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت قیمتوں میں استحکام اور کسانوں کو مناسب معاوضہ یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آلو کی اضافی پیداوار کو بروقت جذب کرنے کے لیے نئی بین الاقوامی برآمدی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے، تاکہ کسانوں کو کسی بھی قسم کے مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق قازقستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ پیش رفت اس سلسلے کا ایک اہم پہلا قدم ہے، جبکہ آئندہ ہفتوں میں مزید عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔


مریم نواز نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کسان دوست پالیسیوں کے تحت زرعی شعبے کو مضبوط بنانے، برآمدات کے فروغ اور کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
