بھارت: چوہوں کے 200 کلو چرس کھانے کا دعویٰ، عدالت نے مرکزی ملزم بری کر دیا

جھارکھنڈ کی عدالت نے شواہد ضائع ہونے پر پولیس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 2022 کے منشیات اسمگلنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا

بھارت میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر چوہوں کے 200 کلو گرام چرس کھانے کے بعد عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے ایک بڑے مقدمے میں مرکزی ملزم کو رہا کر دیا۔ یہ واقعہ ریاست جھارکھنڈ کا ہے، جہاں 2022 میں پولیس نے قومی شاہراہ پر ایک گاڑی کو روک کر اس میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ٹرائل کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ضبط کی گئی تقریباً 200 کلو گرام چرس، جس کی مالیت لگ بھگ 3 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے، گودام میں رکھے جانے کے دوران چوہوں نے کھا لی۔ عدالت نے اس بیان پر سخت حیرت اور برہمی کا اظہار کیا اور شواہد کو محفوظ رکھنے میں سنگین غفلت پر پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
جھارکھنڈ کی عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کی عدم موجودگی اور ناقص تفتیش کے باعث استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد مرکزی ملزم کو بری کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد بھارت میں پولیس کے شواہد محفوظ کرنے کے نظام پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔