شہر قائد میں پہلی بارش سے موسم خوشگوار، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی

شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش — آج بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان، سردی میں اضافہ

کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہِ فیصل، طارق روڈ، صدر اور سول لائنز سمیت دیگر مقامات پر رات گئے بارش ہوئی جبکہ سائٹ ایریا اورنگی ٹاؤن اور میٹروول میں بھی وقفے وقفے سے بادل برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن میں بھی شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے۔ بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ لاڑکانہ، سکھر، شکارپور اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے اور لاہور میں آج اور کل مزید بارش ہوسکتی ہے۔
