وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے عوامی مسائل کے فوری حل اور پولیس و عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف تھانوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں تھانہ ماڈل ٹاؤن، سرکل آفس ماڈل ٹاؤن اور تھانہ دھلے میں کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہ راست سی پی او کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں کو تفصیل سے سنا اور ان کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات اور احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر درخواست پر فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا اور پولیس کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں سے شہریوں کو یہ موقع ملتا ہے کہ وہ اپنے مسائل براہ راست اعلیٰ افسران تک پہنچا سکیں، جس سے نہ صرف مسائل کے حل میں تیزی آتی ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کریں اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پولیس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کا اعتماد پولیس پر مزید مضبوط ہو سکے۔
شہریوں کی جانب سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کے اس اقدام کو سراہا گیا اور اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک مثبت اور مؤثر قدم قرار دیا گیا۔