کمشنر گوجرانوالہ نے شیخوپورہ روڈ سے کھیالی بائپاس تک جدید اسٹریٹ لائٹس منصوبے کا افتتاح کر دیا

نئی اسٹریٹ لائٹس سے ٹریفک روانی بہتر، شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت میسر آئے گی، کمشنر گوجرانوالہ



گوجرانوالہ میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے شیخوپورہ روڈ بس اسٹاپ سے کھیالی بائپاس تک جدید اسٹریٹ لائٹس اور الیکٹرک پولز کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شاہد عثمان ابراہیم اور محمد نواز چوہان، سابق ایم پی اے محمد توفیق بٹ اور صدر چیمبر آف کامرس علی ہمایوں بٹ سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر جدید اور معیاری اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو رات کے وقت محفوظ اور بہتر سفری سہولیات بھی فراہم ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہری ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔

تقریب میں شریک شرکاء نے منصوبے کو شہر کی خوبصورتی، عوامی سہولت اور ٹریفک سیفٹی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے رات کے وقت حادثات کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔ اہل علاقہ نے منصوبے کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔