گوجرانوالہ اندرون شہر میٹرو بس سروس انڈر گراؤنڈ چلانے کا پلان فائنل، سگنل فری یوٹرن منصوبہ ختم


میٹرو بس منصوبے پر 63 ارب روپے لاگت آئے گی، جی ٹی روڈ پر چار انڈر پاس اور تین زیر زمین اسٹیشن تعمیر ہوں گے
گوجرانوالہ میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کے تحت اندرون شہر میٹرو بس سروس کو انڈر گراؤنڈ چلانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے مطابق جی ٹی روڈ کے وسط میں میٹرو بس لائن طویل ہونے کے باعث سگنل فری یوٹرن منصوبہ ختم کر دیا گیا ہے۔ میٹرو بس منصوبے پر مجموعی طور پر 63 ارب روپے لاگت آئے گی۔

ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ پر غلام حسین پارک سے گورنمنٹ اقبال ہائی سکول تک میٹرو بس کو انڈر گراؤنڈ چلانے کے لیے کھدائی کی جائے گی، جس کی لمبائی تقریباً ڈھائی کلومیٹر ہوگی۔ اس سے قبل سابق سٹی ریلوے اسٹیشن اور اسٹیشن کے سامنے موجود پارکنگ ایریا میں میٹرو بس اسٹیشن بنانے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس تجویز کو ختم کر دیا گیا ہے۔

میٹرو بس منصوبے کے تحت جی ٹی روڈ پر چار انڈر پاس تعمیر کیے جائیں گے، جن میں ایک انڈر پاس ایمن آباد میٹرو ڈپو کے لیے، دوسرا چندا قلعہ، تیسرا غلام حسین پارک سے گورنمنٹ اقبال ہائی سکول کے سامنے تک جبکہ چوتھا ڈی ایچ اے کے سامنے بنایا جائے گا۔

اندرون شہر سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے تین زیر زمین میٹرو بس اسٹیشن بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے پر عملی کام کا آغاز ایمن آباد اور ڈی ایچ اے کے سامنے دونوں اطراف سے کر دیا گیا ہے، جبکہ سگنل فری منصوبہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق میٹرو بس منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کو جدید، محفوظ اور تیز سفری سہولیات میسر آئیں گی۔