گوجرانوالہ (بیورو چیف آصف سندھو سے):
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ہسپتال کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران ٹراما سنٹر، ایمرجنسی وارڈ، ڈینگی وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی اور مختلف لیبارٹریز کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیماداروں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بروقت اور بہتر دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور تمام ڈاکٹرز و طبی عملہ اپنی ڈیوٹی پر مکمل حاضری یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور عوام کو معیاری، شفاف اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، لہٰذا ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بروقت، باوقار اور معیاری علاج فراہم کرنا متعلقہ عملے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔