کوئٹہ: بلوچستان میں آپریشن ردُّالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران زیارت، ہرنائی اور سوراب کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی قائم کرکے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔