شوبز انڈسٹری سوگوار، احسن خان نے والد کو اپنی کامیابیوں کا اصل سہارا قرار دیتے ہوئے مداحوں کی دعاؤں اور محبت پر اظہارِ تشکر کیا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے، جس پر شوبز شخصیات، مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔احسن خان نے اپنے جذباتی پیغام میں والد کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ “میرے والد ایک بے حد شاندار انسان تھے اور آج میں جو کچھ بھی ہوں، اس میں ان کا بنیادی کردار ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں جن لوگوں نے ان سے رابطہ کیا، تعزیت کی، محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا، وہ ان سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق مداحوں اور دوستوں کی دعاؤں اور شفقت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس آزمائش میں تنہا نہیں ہیں، جو ان کے لیے بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔احسن خان کے والد کے انتقال پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات، مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔