ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے اپنے خاندان کو سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازع کا اثر ان کے والد کی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی پڑا۔
ریا کے مطابق ان کے والد اندراجیت چکرورتی بھارتی فوج کے ریٹائرڈ ڈاکٹر ہیں اور آرمڈ فورسز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق وہ فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامی عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ریا نے بتایا کہ انہیں ایک معروف اسپتال میں اہم عہدے پر ملازمت کا موقع ملا، تاہم ان کے مطابق اسپتال انتظامیہ کو جب معلوم ہوا کہ وہ ریا چکرورتی کے والد ہیں تو مبینہ طور پر یہ موقع واپس لے لیا گیا۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی 2020 میں موت کے بعد ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کو شدید میڈیا اور قانونی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ریا اور ان کے بھائی شووک کو منشیات سے متعلق تحقیقات کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار بھی کیا تھا۔
مارچ 2025 میں بھارتی مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق کیس میں کلوزر رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق تفتیش میں قتل، مجرمانہ سازش یا خودکشی پر اکسانے کے شواہد نہیں ملے، تاہم عدالت کو کلوزر رپورٹ پر حتمی فیصلہ کرنا تھا۔