عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز میں 49 سال بعد نئی تاریخ رقم کر دی
پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ایک اہم تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
کوئینز پارک اوول میں تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 387 رنز پر ختم کی، جس میں عبداللہ شفیق نے 160 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی یہ اننگز نہ صرف ٹیم کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی بلکہ ایک طویل عرصے سے قائم ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔

عبداللہ شفیق 49 سال بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
مزید یہ کہ پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلی گئی 150 سے زائد رنز کی گزشتہ چار اننگز میں سے تین اننگز عبداللہ شفیق کے نام ہیں، جو ان کی شاندار فارم اور مستقل مزاجی کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر 60 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اردو پوائنٹ عوام تک بروقت، مستند اور ذمہ دارانہ خبریں پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔