آئندہ دو روز شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں پر مغربی ہوا کا کمزور سلسلہ اثرانداز ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے پر موسمی کم دباؤ موجود ہے۔ جمعرات کے روز کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے اوقات میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
جمعہ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں جمعرات کو گرم اور مرطوب موسم رہے گا، جبکہ جمعہ کی شام یا رات بارش اور گرج چمک کا 35 فیصد امکان ہے۔

پنجاب میں دونوں روز شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم جمعرات کو خوشاب، لاہور، سیالکوٹ اور نارووال جبکہ جمعہ کو مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں 29 ملی میٹر، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 23 ملی میٹر جبکہ مظفرآباد شہر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی، بھکر اور خانیوال میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔