کراچی: سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے اور اپنے بیٹے راول میمن کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ جھوٹے، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزامات کی تشہیر کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رجوع کرلیا۔
شرجیل انعام میمن کی جانب سے ان کے وکیل کے ذریعے 9 اگست 2026 کو این سی سی آئی اے کراچی زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو تحریری شکایت جمع کرائی گئی۔ شکایت میں چار فیس بک اکاؤنٹس اور پیجز کا حوالہ دیتے ہوئے مبینہ کردار کش مہم، ہراساں کرنے اور جھوٹا مواد نشر کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
شکایت میں Muhajir Community، Khan Zada in ALTAFI LUSHKAR Group، Karachi Beauty اور Karachi Stories نامی فیس بک اکاؤنٹس اور پیجز کا ذکر کیا گیا ہے۔ شرجیل میمن کا مؤقف ہے کہ ان پلیٹ فارمز پر میر رضا قتل کیس سے متعلق ان کے اور ان کے بیٹے کے خلاف مختلف الزامات اور دعوے گردش کر رہے ہیں، جنہیں انہوں نے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
درخواست میں این سی سی آئی اے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس کا تکنیکی اور فرانزک آڈٹ کیا جائے، اکاؤنٹس چلانے والے افراد کی شناخت کی جائے اور مبینہ آن لائن مہم کے پسِ پردہ عناصر کا سراغ لگایا جائے۔
شکایت میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی، شواہد اور ڈیٹا محفوظ رکھنے اور معاملے کی آزادانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔