کراچی: میر رضا قتل کیس میں مبینہ غفلت اور فرائض میں کوتاہی پر کراچی پولیس نے دو افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ایس ڈی پی او شاہراہِ فیصل، ایسٹ زون محمد ارشد آفریدی کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب ایس ایچ او گلستانِ جوہر، سب انسپکٹر کامران قریشی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے عہدے میں تنزلی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افسران کو میر رضا قتل کیس میں غفلت اور کوتاہی برتنے پر معطل کیا گیا، تاہم کراچی پولیس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں معطلی کی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی۔ اعلامیے میں دونوں افسران کے خلاف فرائض میں غفلت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واضح کیا ہے کہ محکمانہ نظم و ضبط، فرائض میں غفلت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قواعد کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔