وزیراعظم شہباز شریف نے پہلی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان کردیا۔
وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اس سال یوتھ کی ترقی کےلیے خاطرخواہ رقم رکھی ہے۔ بچوں کو تعلیم کے مساوی مواقع نہ ملیں تو وہ قائداعظم کا پاکستان نہیں، اشرافیہ کے بچوں کو تعلیم کی بہترین سہولیات مل جاتی ہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایچیسن کالج اشرافیہ کی تعلیم کے حوالے سے ایک سمبل ہے، وہاں غریب کا بچہ داخل ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ یہ وہ تضاد ہے جس کی وجہ سے ہم تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے رہ گئے، دور دراز علاقوں کے غریب طلباء کو ہم تعلیم کے میدان میں آگے لائے۔چاہتا تھا ہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں پیچھے نہ رہیں، بطور خادم پنجاب، میں نے تعلیم کے فروغ کے لیے بہت سے اقدامات کیے۔دانش سکولوں کا دائرہ دیگر صوبوں تک وسیع کیا جارہا ہے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی دانش سکول قائم کر رہے ہیں، نوجوانوں کو جدید تعلیم کے سفر میں شامل نہ کیا تو پیچھے رہ جائیں گے۔