پاکستان ایک سال کے لیے ایس سی او کی صدارت سنبھالے گا، وزیراعظم شہباز شریف بشکیک اجلاس میں شریک ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 31 اگست کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچیں گے، جہاں وہ تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک بشکیک میں ہوگا، جس میں رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ سطحی نمائندگان شرکت کریں گے۔ یکم ستمبر کو ایس سی او پلس فارمیٹ میں بھی اجلاس ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں علاقائی امن و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، معاشی روابط، تجارت، رابطہ کاری اور خطے میں ترقی کے لیے کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
بشکیک اجلاس کے بعد پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی ایک سال کے لیے صدارت سنبھالے گا۔ پاکستان کی ایس سی او صدارت کے دوران علاقائی امن، اقتصادی تعاون، تجارت، رابطہ کاری اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ تنظیم کا اہم ترین ایونٹ 2027 میں اسلام آباد میں ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ بھی ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ چکے ہیں۔