بیوروکریٹس کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے سیاستدان اپنی اصلاح کریں، خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں احتساب کے نظام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صرف بیوروکریسی ایسا طبقہ ہے جو ہمیشہ احتساب کے عمل سے بالاتر رہی ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق ملک میں حکمران اشرافیہ کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے فیصلوں اور اقدامات کی قیمت چکانا پڑی، جبکہ بیوروکریٹس طویل عرصے سے قانونی گرفت اور جوابدہی سے محفوظ رہے ہیں۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غلام محمد، چوہدری محمد علی، سکندر مرزا اور غلام اسحاق خان جیسے اہم عہدوں پر فائز افراد کا تعلق بیوروکریسی سے تھا، جبکہ بظاہر اس وقت اقتدار منتخب سیاستدانوں کے پاس تھا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاستدانوں کی باہمی چپقلش اور نااہلی نے بیوروکریسی کو اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع دیا، جس کے باعث یہ طبقہ مضبوط ہوتا چلا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بیوروکریٹس کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے سیاستدانوں کو اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق سیاسی قیادت اپنے معاملات درست کر لے اور باہمی اختلافات ختم کرے تو بیوروکریسی میں بھی اصلاح اور احتساب کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔